دلت بندھو پر من و عن عمل آوری ، فارم ہاؤز میں قدم رکھ کے دکھائیں، بی جے پی کو چیف منسٹر کا چیلنج
حیدرآباد۔8۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دلتوں ، کسانوں اور بیروزگار نوجوانوں کو تیقن دیا کہ وہ حکومت ان سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کرے گی ۔ پرگتی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ بعض جماعتوں کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ابھی تک دیڑھ لاکھ سے زائد جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری محکمہ جات میں 60 تا 70 ہزار مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور عنقریب تقررات کے لئے مرحلہ وار طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں ایمپلائیمنٹ کیلینڈر باقاعدگی کے ساتھ جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مقامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے 95 فیصد جائیدادیں لوکل امیدواروں کے لئے مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی کے سلسلہ میں نوجوانوں کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد کے دلتوں کو دلت بندھو اسکیم کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔ اسکیم پر من و عن عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حضور آباد بلکہ تلنگانہ کے ہر مستحق دلت خاندان کیلئے اسکیم پر عمل آوری ہوگی۔ کے سی آر نے کہا کہ آئندہ سال بجٹ میں اسکیم کیلئے 22,000 کروڑ مختص کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ مرکزی حکومت پر بھروسہ ہرگز نہ کریں اور دھان کے بجائے کسی اور فصل کو اگانے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے دھان کی خریدی تک وہ مرکز سے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے فارم ہاؤز کے بارے میں بی جے پی قائدین کے بیانات پر برہمی ظاہر کی اور کہا کہ ان کے انتخابی حلقہ میں 100 ایکر پر وہ زراعت کر رہے ہیں۔ یہ فارم ہاؤز یا گیسٹ ہاؤز نہیں بلکہ فارمر ہاؤز ہے۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ فارم ہاؤز میں داخل ہوکر دکھائیں ۔ فارم ہاؤز کو تباہ کرنے سے متعلق دھمکیوں پر کے سی آر نے کہا کہ فارم ہاؤز میں پہلے داخل ہوں اس کے بعد پتہ چلے گا کہ انہوں نے کیا غلطی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ اراضی قانونی طور پر ان کے اور فرزند کے ٹی آر کے نام پر ہے۔ میرا کوئی منی لانڈرنگ کا کاروبار نہیں ہے اور نہ ہی کوئی بوگس کمپنیاں اور چور دھندے ہیں۔ اگر بی جے پی مجھے بھی دوسروں کی طرح دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے تو میں ڈرنے والا نہیں ہوں۔ جیت انصاف کی ہوگی اور خدا انصاف کے ساتھ رہے گا ۔ شراب نوشی سے متعلق الزام پر کے سی آر نے بنڈی سنجے سے سوال کیا کہ وہ اس وقت موجود تھے یا پھر انہوں نے شراب سربراہ کی تھی ۔ انہوں نے بنڈی سنجے سے سوال کیا کہ آپ کے استاد نے کیا یہی اخلاق سکھائیں ہیں کہ کسی بھی بے بنیاد الزام تراشی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے کئی شعبوں میں تلنگانہ سے ناانصافی کی ہے اور کھمم کے 6 منڈلوں کو آندھراپردیش میں ضم کرنے کے فیصلہ کے بعد انہوں نے وزیراعظم کو فاشسٹ وزیراعظم کہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی فنڈ کے تحت بینک میں 450 کروڑ روپئے موجود ہیں اور مزید رقم عطیات کے طور پر آسکتی ہے اور یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ۔ ر