گورنراے پی کا بذریعہ آن لائن راج بھون سے خطاب
حیدرآباد16جون(سیاست نیوز ) آندھراپردیش بجٹ سیشن کا آغاز منگل کو گورنر وشوابھوشن ہری چندن کے ویڈیو کانفرنس خطاب سے ہوا۔گورنر نے دعوی کیا کہ جگن حکومت گذشتہ ایک سال کے دوران بیشتر فلاحی اسکیمات پر عمل کررہی ہے ۔عوام،ایک سال کے دوران ان کئی فلاحی اسکیمات پر خوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ مالیاتی سال 2019-20میں ترقی کی شرح 8.16فیصد حاصل کی گئی ہے ۔زراعت اور اس سے متعلق شعبہ جات میں ترقی توقع ہے کہ 8فیصد ہوگی۔صنعتی شعبہ کی ترقی کی شرح پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔انہوں نے راج بھون سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 40فیصد اسکیمات جن کا وعدہ انتخابات میں نہیں کیاگیا تھا پر کامیابی کے ساتھ عمل کیاگیا۔جاریہ سال بیشتر اسکیمات کے ذریعہ 3.98کروڑ افراد کو فائدہ پہنچا۔گذشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال فی کس آمدنی میں 12فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم اور بہبود کے لئے اماں ووڈی اسکیم سے 3.98کروڑ افراد کو فائدہ پہنچا۔انہوں نے کہا کہ صحت کی اسکیم کے تحت 6.25لاکھ افراد کو 1534کروڑ روپئے سے فائدہ پہنچا اور بچوں کو تغذیہ کے لئے جگن انا گورومنڈو اسکیم کے لئے 1105کروڑ روپئے الاٹ کئے گئے ۔گورنر نے کہا کہ جگن انا وستی دیوننا اسکیم کے تحت 3857کروڑروپئے صرف کئے گئے تاکہ طلبہ کو قیام کی سہولت پہنچائی جاسکے ۔گورنر نے دعوی کیا کہ حکومت نے ڈوارکار گروپس کی خواتین کیلئے صفر فیصد سود والی قرض کی اسکیم ر،عیتو بھروسہ اسکیم، وائی ایس آرواہنامترا اور وائی ایس آرمتسی کاریالو بھروسہ اسکیم جیسی انقلابی اسکیمات متعارف کی ہے ۔ گورنر نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات کی بھی ستائش کی۔انہوں نے کہاکہ تقریبا 15ہزار معائنے ہر دن کئے جارہے ہیں اور لاک ڈاون کے دوران مہاجر مزدوروں اور غریبوں کو مالی امداد فراہم کی گئی۔انہوں نے کہاکہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت قولدار کسانوں کو فائدہ پہنچایاگیا۔
