نئی دہلی : انتہائی چھوٹی، چھوٹی اوردرمیانی صنعتوں کے مرکزی وزیر بھانو پرتاپ سنگھ ورما نے سنٹرل پبلک سیکٹرانڈرٹیکنگس سے چھوٹی صنعتوں سے خریداری کا ہدف حاصل کرنے کو کہا ہے ۔ کل دیر شام پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس کے چیئرمینوں، جنرل منیجروں اور چیف ایگزیکٹیو افسران کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ، ورما نے کہا کہ پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس کو چھوٹی صنعتوں سے طے شدہ خریداری کے ہدف کو پورا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس خریداری میں درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور خواتین کاروباریوں کا بھی خیال رکھا جانا چاہئے ۔ چھوٹی صنعتوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرائی جانی چاہیے ۔ مرکزی وزیرنے ایس سی ایس ٹی اور خواتین کاروباریوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اداروں کو ان تک پہنچنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ میٹنگ میں پبلک پروکیورمنٹ پالیسی آرڈر کے تحت مطلوبہ اہداف کے حصول میں ان کے چیلنجوں کو سمجھنے کی کوشش کی گئی۔