عوامی املاک کے تحفظ کیلئے پولیس و بینکوںکا باہمی تعاون ناگزیر

   

Ferty9 Clinic

نظام آبادمیں حالیہ اے ٹی ایم سنٹرس میں سرقہ کی وارداتوں پرجائزہ اجلاس ‘پولیس کمشنرکاخطاب
نظام آباد: یکم ؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد ضلع میں حالیہ عرصہ کے دوران اے ٹی ایم سنٹرس میں پیش آنے والی چوری کی وارداتوں کے پیش نظر پولیس کمشنریٹ کے کمانڈ کنٹرول ہال میں بینک حکام اور کیش سپلائی ایجنسیوں کے ساتھ ایک مشترکہ سیکوریٹی و ہم آہنگی جائزہ اجلاس پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا کی صدارت میں منعقدہ کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع کے تمام بینکوں کے عہدیدار نے شرکت کی ۔اس موقع پر پولیس کمشنر نے کہا کہ اے ٹی ایم مراکز اور بینکوں میں عوام کی جمع شدہ رقم کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں بینکوں کو مزید ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے ہدایت دی کہ ہر اے ٹی ایم سنٹر میں فعال سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں اور ریکارڈنگ کم از کم تیس دن تک محفوظ رکھی جائے۔ ساتھ ہی الارم سسٹم، سیکوریٹی گارڈس کی تعیناتی اور مناسب روشنی کے انتظامات کو لازمی قرار دیا، مشتبہ افراد یا کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دینے کی ہدایت دیں کیش لوڈنگ کے وقت اے ٹی ایم کی مجموعی حالت کا باریک بینی سے جائزہ لینے کی ہدایت بھی دی۔پولیس کمشنر نے واضح کیا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور عوامی املاک کے تحفظ میں پولیس اور بینکوں کا باہمی تعاون نہایت اہم ہے اور سماج کو نقصان پہنچانے والے جرائم پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے، اجلاس میں بینک حکام کی رائے بھی حاصل کی گئیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی ایڈمن جی بسوا ریڈی، اے سی پی راجہ وینکٹ ریڈی، سائبر کرائم اے سی پی وینکٹیشور راؤ، ٹریفک اے سی پی سید مستان علی، اسپیشل برانچ انسپکٹر شری شری سیلم، لیڈ بینک منیجر سنیل، نظام آباد ٹاؤن سرکل انسپکٹر سرینواس راج، نارتھ رورل سرکل انسپکٹر سرینواس اور ضلع کے تمام بینک منیجرس موجود تھے۔