حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) عوامی بیت الخلاء کے سرقہ معاملہ کو حل کرتے ہوئے ملکاجگیری پولیس نے تین افراد بشمول بلدیہ کے ایک جونیر اسسٹنٹ کو گرفتار کرلیا۔ 17 مارچ کی شام شکایت کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ شکایت گذار جی راجو جو ملکاجگیری سرکل ڈپٹی کمشنر بتایا گیا ہے نے عوامی بیت الخلاء کے سرقہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے بالاجی ، جین کنسٹرکشن کمپنی پر شبہ ظاہر کیا تھا کہ پولیس نے تحقیقات کے بعد جوگیا 40 سالہ بھکشا پتی جو جین کنسٹرکشن کا منیجر ہے کے ساتھ بلدیہ کا جونیر اسسٹنٹ 36 سالہ ارون کمار کو گرفتار کرلیا۔ کمپنی کی جانب سے اس علاقہ میں ملٹی پلیکس کی تعمیر جاری ہے اور اس بیت الخلاء کے قریب نصب کیا گیا تھا ۔ اس بیت الخلاء کو اس مقام سے منتقل کرنے کی بارہا درخواست کے باوجود عوامی مفاد میں ہونے کے سبب عہدیداروں نے کمپنی کی درخواست کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد جونیر اسسٹنٹ نے کمپنی کے منیجر کے ساتھ مل کر اس ٹائیلٹ کو ہٹانے کا تیقن دیا۔ تاہم اس کے بعد جونیر اسسٹنٹ جی ایچ ایم سی ارون کمار نے فلیکسی ہورڈنگ کو منتقل کرنے والے جوگیا کو ٹائیلٹ ہٹانے کی ذمہ داری دی۔ جس نے عوامی بیت الخلاء کو منتقل کرتے ہوئے اس ٹائیلٹ کو مشیرآباد علاقہ منتقل کیا اور 45 ہزار روپئے میں فروخت کردیا تھا۔ پولیس ملکاجگیری نے جوگیا کی گرفتاری کے بعد اس کی جانب سے حاصل اطلاعات کی بنیاد پر جین کنسٹرکشن کمپنی کے منیجر بھکشا پتی اور جونیر اسسٹنٹ بلدیہ ارون کو گرفتار کرلیا۔ ع