اتحاد، امن و سلامتی ہم سب کی ذمہ داری، محبوب نگر میں امن کمیٹی اجلاس، ضلع ایس پی کا خطاب
محبوب نگر۔/28 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امن و ہم آہنگی و ررواداری ، یہ تین چیزیں ہمارے معاشرہ کو مضبوط رکھتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی شریمتی جانکی دھراوت نے کیا۔ وہ جمعرات کی شام مستقر محبوب نگر کے سدرشن گارڈن میں امن کمیٹی کے اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھیں۔ انہوں نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مستقل امن و امان اور محبت کی فضاء کی برقراری کیلئے مختلف مذاہب کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا امن و سلامتی کیلئے رواداری کو فروغ دینا ، مذہبی تنازعات کو روکنے کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنا، واقعات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے پولیس سے تعاون کی اپیل کی۔ مذہبی رہنما اپنے پیروکاروں کو رواداری سے پیش آنے کا درس دیں ۔ عوام ، پولیس اور مذہبی رہنماؤں کے تال میل سے بڑے سے بڑے مسئلہ سے نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پولیس عوامی تحفظ، سماجی سالمیت کو یقینی بنائے رکھنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ سارے تہوار خوشیوں کے ساتھ پُرامن ماحول میں منائے جائیں۔ افواہوں اور جھوٹے پروپگنڈے کو روکا جائے۔ نوجوانوں کو مذہبی منافرت کے جنون سے محفوظ رکھا جائے۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ نقص امن پیدا کرنے والوں کی تنبیہ کی جائے۔ معمولی سے مسئلہ پر بھی پولیس کو مطلع کرکے مدد حاصل کرنے کی انہوں نے عوام سے اپیل کی۔ آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاہب کے رہنما، نوجوان اور مختلف طبقات کے نمائندے امن کی فراہمی کیلئے آگے آئیں گے ۔ تمام تہوارخوشی اور امن و امان سے منائے جائیں گے۔ اتحاد اور امن و سلامتی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی راملو، ڈی ایس پی وینکٹیشورلو، ون ٹاؤن سی آئی اپیا، 2 ٹاون سی آئی اعجاز الدین، رورل سی آئی گاندھی نائک، ٹریفک سی آئی بھگونت ریڈی، اسپیشل برانچ انسپکٹر وینکٹیش، پولیس عہدیداران، مذہبی رہنما، عوامی تنظیموں کے قائدین شریک تھے۔