کاماریڈی۔ 13اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ٹاؤن کے گاندھی گنج میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم کی روک تھام کے مقصد سے 16 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے۔ یہ اقدام ’’میڈیم گڈز وہیکلس اونرز اسوسی ایشن‘‘ کے تعاون سے عمل میں آیا جس کا مقصد عوامی مقامات پر مؤثر نگرانی، قانون کے نفاذ میں سہولت اور جرائم کی تحقیقات میں پولیس کی مدد کو یقینی بنانا ہے۔ ٹاؤن اس ایچ او بی نراہری کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے مارکیٹ اور دیگر عوامی مقامات پر مسلسل نگرانی فراہم کرتے ہوئے جرائم کی بروقت روک تھام، ملزمان کی جلد شناخت اور علاقے میں امن و سکون قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس نظام کے افتتاح کی رسم زرعی مارکٹ کمیٹی کاماریڈی کے صدرنشین محترمہ دھرماگونی لکشمی راجا گوڑ اور کاماریڈی کے اے ایس پی بی چیتنیہ ریڈی نے انجام دی۔اس موقع پر اسوسی ایشن کے اراکین، پولیس عہدیداران اور مقامی تاجر برادری کے نمائندے شریک تھے۔ کاماریڈی پولیس نے عوامی تحفظ کے لیے مثالی تعاون فراہم کرنے پر ’’میڈیم گڈز وہیکلز اونرز ایسوسی ایشن‘‘ کے اراکین وٹھل راؤ، سریش، بال راج گوڑ اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ دیگر مارکٹ اور سماجی انجمنیں بھی اس طرز پر عوامی سلامتی کے اقدامات میں پیش قدمی کریں۔