عوامی جان و مال کی حفاظت ‘حکومت کا ذمہ : ای راجندر

   

عوام سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل ۔شمس آباد ائرپورٹ پر کورونا وائرس ٹسٹ سنٹر کا معائنہ
حیدرآباد ۔9 مارچ ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر نے آج شمس آباد پر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ کا دورہ کیا اور انہوں نے وہاں بیرونی ممالک سے آنے والے مسافرین کے کورونا وائرس ٹسٹ کے اسکریننگ مرکز کا معائنہ کیا ۔ شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے انہیں تھرمو اسکریننگ سہولت سے واقف کروایا جہاں ایسے مسافرین کی اسکریننگ کی جا رہی ہے جو بیرونی ممالک کے سفر کے بعد واپس ہو رہے ہیں۔ دنیا بھر میں اس کورونا وائرس کی دہشت کو دیکھتے ہوئے شمس آباد ائرپورٹ پر بھی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور بیرونی ممالک سے آنے والے تمام مسافرین کی اسکریننگ کی جا رہی ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے ائرپورٹ پر تمام تفصیلات کا مکمل جائزہ لیا اور انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بیرونی ممالک سے آنے والے تمام مسافرین کی جامع اسکریننگ کروائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ وائرس بیرونی ممالک میں ہی پھیلا ہے اس لئے اس کو ہندوستان میں داخلہ سے روکنے سخت اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس کیلئے تمام احتیاطی تدابیر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ افواہوں کے ذریعہ عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے ہر طرح کی تیاریاں کر رہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپنے آس پاس صفائی کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ ایٹالہ راجندر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر روز تقریبا 5 تا 6 ہزار مسافرین حیدرآباد سے باہر سفر کرتے ہیں اور تقریبا اتنی ہی تعداد میں مسافرین بیرونی ممالک سے یہاں پہونچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ائرپورٹ کی چار گیٹس ہیں اور ہر گیٹ پر چوبیس گھنٹے ضروری اسٹاف کی نگرانی میں تھرمو اسکریننگ کی جائے گی ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ جن مسافرین میں کورونا وائرس کی علامات پائی جائیں گی انہیں سرکاری گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جائیگا ۔ وہاں بھی معائنوں کی سہولت دستیاب ہے ۔ اس وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے طور پر ایٹالہ راجندر مختلف سرکاری دواخانوں کا ہفتہ کی رات سے دورہ بھی کر رہے ہیں ۔ حکومت اس سلسلہ میں پہلے ہی ایک کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کرچکی ہے ۔