ظہیرآباد ۔ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے جھرہ سنگم منڈل کے موضع کلور کے متوطن کوٹا دھنراج گوڑ کو ان کی جانب سے برے وقت میں عوام کیلئے کی گئی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے جرمنی کی انٹرنیشنل فیس یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا ہے ۔ اس خصوص میں حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کی کئی رضاکارانہ خدمات ا نجام دینے والی تنظیموں نے انہیں زبردست دلی مبارکباد پیش کی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ گلوبل فیس یونیورسٹی جرمنی کی اکریڈنشیل کونسل نے حال ہی میں ٹاملناڈو کے اوٹی میں ایک تہنیتی تقریب منعقد کرتے ہوئے ملک کے مختلف مقامات پرا س طرح کی رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی ہے ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی اکریڈنشل کونسل کے ارکان نے کوٹا دھنراج گوڑ کی خدمات کی زبردست ستائش بھی کی ہے جبکہ دھنراج گور نے انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازے جانے پر بے حد مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ضرورت کے وقت کی گئی خدمات کبھی رائیگاں نہیں جاتیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس طرح کی رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں کے ہمراہ اپنی خدمات کو مزید جاری و ساری رکھیں گے ۔