عوامی رقومات سے مندروں کو نذرانے پر وضاحت طلبی

   

مفاد عامہ کی درخواست پر ہائی کورٹ کے احکامات
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کی جانب سے دو بڑی مندروں کو طلائی زیورات نذر کرنے کے معاملہ میں وضاحت طلب کی ہے۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس وجئے بھاسکر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عوامی رقومات سے دو بڑی مندروں کو نذر پیش کرنے پر وضاحت طلب کی ہے۔ درخواست گذار پروفیسر پی ایل وشویشور راؤ نے کہا کہ سیکولر مملکت میں عوامی رقومات کا مذہبی اغراض کیلئے استعمال کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے لارڈ وینکٹیشورا مندر کو 5 کروڑ اور کنکا دُرگا مندر کو 57 ڈائمنڈز بطور نذر پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ خصوصی طیارہ کے ذریعہ سفر کرتے ہوئے سرکاری مشنری کا استعمال کیا۔ درخواست گذار نے چیف منسٹر کی جانب سے نذر کردہ رقم واپس کرنے کی ہدایت دینے کی خواہش کی۔ عدالت نے حکومت سے اندرون 6 ہفتے جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 29 نومبر کو مقرر کی ہے۔ر