نظام آبادمیںمختلف ترقیاتی پروگراموںکا سنگ بنیاد۔ مہیش کمار گوڑ
نظام آباد :23 ؍اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن قانون ساز کونسل کے مسٹر مہیش کمار گوڑِ گورنمنٹ ایڈوائزر محمد علی شبیر نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت ترقیاتی منصوبوں کو بلا رکاوٹ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عوامی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت نظام آباد شہر میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔حکومتی مشیر محمد شبیر علی، ایم ایل سی مہیش کمار گور، رکن اسمبلی اربن دھنپال سوریہ نارائن اور ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے آج شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی پروگراموں کا آغاز کیا۔ گوتم نگر میں 3.46 کروڑ روپئے کی لاگت سے طوفانی پانی کی نکاسی کے لیے اسٹارم واٹر ڈرین، سی سی ڈرین اور آر سی سی سلاب کلورٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ اسی طرح ایلمّا گُٹّہ امّاں وینچر میں ایک کروڑ 19 لاکھ روپئے کے صرفے سے سی سی اور بی ٹی سڑکوں کی تعمیر، نیال کَل روڈ پر 3.43 کروڑ روپئے سے برساتی پانی کی نالیوں اور سڑکوں کی ترقی، جبکہ مالاپلّی میں 37 لاکھ روپئے سے اردو میڈیم گرلز جونیئر کالج کی مرمت کے کام انجام دیے جائیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان قائدین نے کہا کہ عوام کو بہتر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت کروڑوں روپئے خرچ کر رہی ہے۔ سڑکوں، نالیوں، پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی امور پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کو صنعتی، زرعی، تعلیمی اور طبی میدانوں میں ترقی یافتہ ضلع کے طور پر فروغ دینے کی سمت میں اجتماعی طور پر کوششیں جاری ہیں۔ غریب عوام کو ذاتی مکان کا خواب پورا کرنے کے لیے اہل افراد کو اندراما ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مکانات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مہیش کمار گوڈ نے کہا کہ اگرچہ ریاستی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، لیکن عوامی ضرورتوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں، اور نظام آباد میں جاری منصوبے اسی عزم و عمل کی واضح مثال ہیں۔اس موقع پر نُوڈا چیئرمین کیشو وینو، ریاستی کوآپریٹو یونین لمیٹڈ چیئرمین مانالا موہن ریڈی، ریاستی زرعی کمیشن کے رکن گڑگو گنگادھر، ضلع لائبریری کمیٹی چیئرمین انتا ریڈی راجی ریڈی، میونسپل کمشنر دلیپ کمار اور دیگر بھی موجود تھے۔