ٹی آر ایس کے موقف پر بھروسہ نہیں، تحفظات سے محرومی کا اندیشہ: ہنمنت راؤ
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) عوامی شعبہ کے اداروں کو مرکز کی جانب سے خانگیانے کی تجویز کے خلاف کانگریس پارٹی احتجاجی لائحہ عمل تیار کرے گی۔ کانگریس کی پولٹیکل افیرس کمیٹی کے 5 جنوری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں اس مسئلہ پر غور کیا جائے گا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس نے عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کی مخالفت کی ہے لیکن اس بات کا شبہ ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ مخالفت کہیں تائید میں تبدیل نہ ہوجائے۔ نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ونود کمار نے عوامی شعبہ جات کو کارپوریٹ اداروں کے حوالے کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے ’ مودی ہٹاؤ دیش بچاؤ‘ کا نعرہ لگایا ہے۔ ہنمنت راؤ نے ونود کمار سے سوال کیا کہ آیا یہ بیان چیف منسٹر کی مرضی سے دیا گیا ہے یا نہیں۔ سابق میں مرکزی حکومت کی تمام پالیسیوں اور فیصلوں کی ٹی آر ایس نے تائید کی ہے لہذا اُس پر بھروسہ کرنا ممکن نہیں ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کسی بھی وقت کے سی آر اپنا موقف تبدیل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خانگیانے کی صورت میں پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو تحفظات سے محرومی کا اندیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے ظاہر کردہ موقف کی وہ تائید کرتے ہیں لیکن ٹی آر ایس پر بھروسہ کرنا ممکن نہیں ہے۔ ہنمنت راؤ نے آندھرا پردیش کے بی جے پی آفس میں سالِ نو کے موقع پر خواتین کے رقص پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اخلاقی حدود کو پھلانگتے ہوئے خواتین کی توہین کی ہے۔ر