اسمبلی کی پبلک انڈرٹیکنگ کمیٹی کا اجلاس، اسپیکر اور صدر نشین کونسل کی شرکت
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی پبلک انڈر ٹیکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج احاطہ اسمبلی میں منعقد ہوا۔ سرکاری ادارہ جات کمیٹی کے صدرنشین اور شاد نگر کے رکن اسمبلی کے شنکریا نے صدارت کی۔ اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو، کمیٹی کے ارکان سنجیوا ریڈی، لکشمی کانت راؤ، ایس سبھاش ریڈی، ای مدھوسدن، پی سرینواس ریڈی اور مکھن سنگھ راج ٹھاکر نے شرکت کی۔ سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو نے تعارف کرایا۔ اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے کمیٹی کے صدرنشین اور ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں یہ کمیٹی مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعبہ کے ادارہ جات کی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے عوامی سہولتوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ کمیٹی کے ہر اجلاس میں شریک ہوں۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ صدرنشین طویل سیاسی تجربہ کے حامل ہیں اور وہ کامیابی کے ساتھ کمیٹی کو آگے بڑھائیں گے۔صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں اور اسکیمات کو عوامی شعبہ کے اداروں میں نافذ کرنے میں کمیٹی اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے جی کی جانب سے ادارہ جات پر رپورٹ پیش کی جاتی ہے۔ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں اسمبلی اور لوک سبھا کی کمیٹیوں کی غیر معمولی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کمیٹی کو مشورہ دیا کہ وہ اداروں کا دورہ کرتے ہوئے کارکردگی کا جائزہ لیں۔ 1
کمیٹی کے صدرنشین کے شنکریا نے امید ظاہر کی کہ وہ عوامی شعبہ کے اداروں کو حکومت کی پالیسی کے مطابق چلانے میں تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی سرکاری اداروں کے استحکام پر توجہ مرکوز کرے گی۔1