لاک ڈاؤن کے بعد وزراء کی عوامی خدمات ، مسافروں اور اشیائے ضروریہ کی حمل و نقل میں مدد
حیدرآباد۔27مارچ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ میں شامل وزراء کی جانب سے تلنگانہ کے شہریوں کی مدد کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ اس سلسلہ میںکافی سرگرم ہیںاور ان کے ساتھ دیگر وزراء کی جانب سے ان تکلیف دہ حالات میں عوام کی سہولت کے اقدامات میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہاہے۔ کے ٹی راما راؤ ٹوئیٹر کے ذریعہ عوامی شکایات کے حصول اور ان کے حل کے سلسلہ میں فوری احکامات جاری کر رہے ہیں جس کے سبب ان کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر روزانہ ہزاروں شکایتیں موصول ہورہی ہیں اور وہ متعلقہ محکمہ جات بالخصوص محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے انہیںشکایت کنندگان کی مدد کی ہدایت دے رہے ہیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ کی جانب سے طلبہ کے علاوہ تاجرین ‘ صحافیوں اور مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی مختلف گوشوں سے سراہنا کی جارہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت میں ایسے وزراء کی موجودگی ریاست کے حالات کو بہتر بنانے اور عوام کو سہولتبہم پہنچانے میں مددگار ثابت ہورہی ہے۔مسٹرکے چندر شیکھر راؤ نے جب ریاست کے تمام عوامی نمائندوں کوعوام کے درمیان پہنچ کران کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت جاری کی تو فوری ہریش راؤ بھی سدی پیٹ پہنچ گئے اور انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں عوام کی مدد کرنی شروع کردی اور اس کے ساتھ ساتھ وہ ریاست کے حالات کوبہتر بنانے کیلئے بھی سرگرم ہیں۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ سدی پیٹ کے علاوہ ریاست کے سرکاری دواخانوں میںحالات کو بہتر بنانے کے لئے ہمہ تن مصروف ہیں اور دواخانوں کے مریضوں کوراحت پہنچانے اور ان کی تکالیف کو دور کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ مسٹر ای دیاکر راؤ‘ مسٹرجی جگدیش ریڈی ‘ مسٹر ویمولہ پرشانت ریڈی‘ مسٹر ٹی سرینواس ریڈی کے علاوہ مسز ستیہ وتی راتھوڑ بھی عوام کو سہولتیں پہنچانے کے لئے مصروف ہیں۔ ریاستی وزراء کی جانب سے سیول سپلائز اور راشن کی فراہمی کے علاوہ قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور جن اشیائے ضروریہ کی گاڑیوں کو سرحدی اضلاع میں روکا جا رہا ہے انہیں ان کی منزل تک پہنچانے کے علاوہ دیگر علاقوںسے شہر آئے لوگ جو یہاں پھنسے ہوئے ہیں انہیں ان کے مقامات تک واپس پہنچانے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں اور اس با ت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ شہر میںکسی بھی شہری کو اور اضلاع میں کسی بھی شخص کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے پائے اور اشیائے ضروریہ کی حمل و نقل کا سلسلہ جاری رہے۔