میدک 13ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی مینم پلی روہت راؤ نے کہا کہ عوامی ضروریات اور ترقیاتی تقاضے پورا کرنا ہی ان کی اولین ترجیح ہے۔ ضلع میں حالیہ دنوں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں، تالابوں کے مرمتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے ضلع کلکٹر راہول راج کے ساتھ عہدیداروں کی میٹنگ میں صورتحال پر تفصیلی غور کیا۔ اس موقع پر ایم ایل اے نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف کے تحت 10 کروڑ روپے دستیاب ہیں انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات کے سبب ضلع میں بنیادی ڈھانچہ کو جو نقصان پہنچا ہے اس کے تدارک کے لئے متعلقہ محکمہ جات کے ذریعے تخمینہ جات طلب کئے گئے ہیں اور ان پر فوری کارروائی کی جارہی ہے۔بعد ازاں ایم ایل اے نے میدک کی خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں پر میونسپل کمشنر سرینواس ریڈی اور انجینئرز کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ “آئی لو میدک”I LOVE MEDAK کے نعرے کے تحت شہر کو دیگر اضلاع کے مقابلہ منفرد اور مثالی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر آر اینڈ بی کے ای سرادر سنگھ، پنچایت راج کے ای ای نرسمہاراؤ۔ اریگیشن کے ای سرینواس راؤ، میونسپل کمشنر سرینواس ریڈی، چیف پلاننگ آفیسر اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔