کڑپہ کلکٹریٹ میں ضلعی ترقیاتی کاموںکے ضمن میں اجلاس ۔ انچارج وزیرکاخطاب
کڑپہ ۔ 7جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلکٹریٹ کڑپہ میں آج ضلع ترقیاتی اجلاس کا انعقاد عمل میںآیا۔ ضلع انچارج وزیرایس سویتا نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پرانہوںنے ضلع کڑپہ کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری عہدیداروںاورعوامی نمائندوں کو باہم اشتراک سے کام کرنے پرزوردیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بڑے پیمانے پراسکیمات کوروبعمل لارہی ہے ۔ حکومت کے ان اقدامات کو باہمی تعاون سے انجام دیتے ہوئے ان کے ثمرات کو عوام تک پہنچانے کویقینی بنانا ہوگا۔ اس اجلاس میں گورنمنٹ وہپ رکن اسمبلی کڑپہ مادھوری ریڈی رکن پارلیمان کڑپہ ‘وائی ایس اویناش ریڈی ‘اراکین اسمبلی پتاکرشنا‘ چیتنیاریڈی ‘ سدھاکر یادو‘اے امرناتھ ریڈی ‘ڈاکٹرسدھا‘ اراکین کونسل گوئند ریڈی ‘ رام باریڈی کے علاوہ تمام سرکاری محکموں کے عہدیداروںنے شرکت کی ۔ اس موقع پر انچارج وزیرکڑپہ سویتا نے کہا کہ حکومت اورعوام کے درمیان اہم کردارسرکاری عہدیداروں کاہوتاہے ۔اس لیے سرکاری عہدیداروںکی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی طرح فلاحی اسکیمات کوراست عوام تک پہنچائیں۔ سویتا نے کہا کہ حکومت ریاست سے غربت کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے اورریاست کی ہمہ جہت ترقی کے اقدام کو عوام اور سرکاری عہدیداربھرپور تعاون دیں۔ ضلع کے ہرمستحق فرد تک حکومت کے ترقی کے ثمرات کو پہنچانا ناگزیر ہے ۔ عہدیداروں کوزمینی سطح پر ذمہ داری سے کام کرنا ہوگا۔ چیف منسٹرچندرابابونائیڈو ریاست میں بدعنوانی کیخلاف اقدامات کررہے ہیں۔ ہر شعبہ میں بدعنوانی کو برداشت نہیںکیاجائے گا۔بدعنوانی سے پاک معاشرہ حکومت کا مقصدہے ۔ انہوںنے کہاکہ چیف منسٹرایک جانب عوامی فلاح کے اقدام کررہے ہیں ‘دوسری جانب ریاست کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پرضلع کلکٹرکڑپہ ڈاکٹر سریدھرنے ضلع میں جاری ترقیاتی اقدامات سے اجلاس کوواقف کروایا۔ اس اجلاس میں راجم پیٹ کے سب کلکٹربھاونا‘ ڈی آراو تروشویشورنائیڈوکے علاوہ تمام سرکاری محکموںکے عہدیداروں نے شرکت کی ۔
