حیدرآباد، 10 جولائی (آئی اے این ایس)۔ تلنگانہ پولیس کی کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے صدر، خزانچی، سی ای او اور دو دیگر افراد کو جعلسازی، دھوکہ دہی اور فنڈزکے ناجائز استعمال کے الزامات میں گرفتار کرلیا ہے۔ سی آئی ڈی کے مطابق گرفتار افراد میں ایچ سی اے کے صدر اے جگن موہن راؤ، خزانچی سی جے سرینواس راؤ، سی ای او سنیل کانٹے، سری چکرا کرکٹ کلب کے جنرل سیکریٹری راجندر یادو اور چکرا کرکٹ کلب کی صدر جی کویتا شامل ہیں۔ ایڈیشنل ڈی جی پی، سی آئی ڈی، چارو سنہا کے مطابق یہ ایک ایسا مقدمہ ہے جس میں جعلی دستاویزات تیارکرکے دھوکہ دہی اور مجرمانہ اعتماد شکنی کے ذریعے فنڈزکا غلط استعمال کیا گیا۔ تلنگانہ کرکٹ اسوسی ایشن (ٹی سی اے) کے جنرل سیکریٹری دھرَم گرووا ریڈی کی شکایت پر سی آئی ڈی نے 9 جون کو تعزیراتِ ہندکی دفعات 465، 468، 471، 403، 409، 420 آر/ڈبلیو 34 کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا۔ چاروسنہا نے بیان میں کہا، تحقیقات اور شواہد کی بنیاد پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم اے جگن موہن راؤ نے سی راجندر یادو اور ان کی اہلیہ جی کویتا کے ساتھ مل کر سری چکرا کرکٹ کلب کے جعلی دستاویزات تیارکیے، جسے پہلے گاولی پورہ کرکٹ کلب کہا جاتا تھا۔ ان دستاویزات میں گاولی پورہ کلب کے صدر سی کرشنا یادو کے دستخطوں کو جعل سازی کے ذریعے شامل کیا گیا۔ ان جعلی دستاویزات کو اصل ظاہر کرکے اے جگن موہن راؤ نے ایچ سی اے میں بطور صدر داخلہ حاصل کیا۔ مزید یہ کہ جگن موہن راؤ نے سی جے سرینواس راؤ (خزانچی)، سنیل کانٹے (سی ای او) اور دیگر کے ساتھ ملی بھگت سے بدنیتی پر مبنی نیت کے تحت عوامی فنڈزکا غلط استعمال کیا۔