ڈھاکہ، 29 اکتوبر (یو این آئی) معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ نے نئی دہلی میں اپنے جلاوطنی کے مقام سے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی عوامی لیگ کے لاکھوں حامی اگلے سال کے عام انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے ، کیوں کہ پارٹی کو انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے ۔ ‘رائٹرز’ کو تحریری جواب میں 78 سالہ حسینہ نے کہا کہ وہ ایسی کسی بھی حکومت کے تحت بنگلہ دیش واپس نہیں جائیں گی، جو عوامی لیگ کو شامل کیے بغیر بنے اور وہ ہندوستان میں ہی رہنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جہاں وہ اگست 2024 میں طلبہ تحریک کے بعد فرار ہو گئی تھیں۔ نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں قائم عبوری حکومت، جو حسینہ کی برطرفی کے بعد سے اقتدار میں ہے ، اس نے وعدہ کیا ہے کہ اگلے سال فروری میں انتخابات کرائے جائیں گے ۔ حسینہ نے ای میل کے ذریعہ ‘رائٹرز’ کو دیے گئے جوابات میں کہا کہ عوامی لیگ پر پابندی نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ خود حکومت کیلئے نقصان دہ بھی ہے ۔
