عوامی مسائل اُٹھانے پر کے ٹی آر کیخلاف 14 مقدمات درج : ہریش راؤ

   

کانگریس حکومت کی انتقامی کارروائی کے سامنے بی آر ایس نہیںجھکے گی
حیدرآباد۔ 16 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر رکن اسمبلی اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے کے ٹی آر کے علاوہ بی آر ایس کے دیگر قائدین کے خلاف فرضی مقدمات درج کراتے ہوئے انہیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہی ہے۔ کے ٹی آر کی اے سی بی میں تفتیش کے بعد تلنگانہ بھون پہنچنے پر ہریش راؤ نے ان کا خیرمقدم کیا اور پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ’’بی آر ایس‘‘ تحریک سے جنم لینے والی پارٹی کا نام ہے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران وہ کئی مرتبہ جیل بھی گئے اور مقدمات کا سامنا بھی کیا۔ بی آر ایس پارٹی کیلئے مقدمات اور جیل جانا نئی بات نہیں ہے۔ بی آر ایس قائدین بالخصوص پارٹی ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر ، ریونت ریڈی حکومت کی ناکامیوں کے خلاف مسلسل عوام میں شعور بیدار کررہے ہیں۔ ان کے خلاف تاحال 14 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بی آر ایس آئی ٹی سیل کے قائدین کے خلاف کئی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ عوامی مسائل پر احتجاج کرنے والے سینکڑوں بی آر ایس کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ چند دن قبل کالیشورم کمیشن نے پوچھ گچھ کیلئے پارٹی صدر کے سی آر کو طلب کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سیاسی انتقام پر اُتر آئے ہیں۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے بی آر ایس قائدین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہے ہیں، اس سے بی آر ایس بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ مزید شدت کے ساتھ عوامی مسائل پر احتجاج کیا جائے گا۔ 2