عوامی مسائل سے واقفیت کیلئے راج بھون میں شکایتی باکس کا قیام

   

تجاویز پیش کرنے کی سہولت، راج بھون میں غریب طلبہ میں گورنر نے لیاپ ٹاپس تقسیم کئے
حیدرآباد۔/2 جنوری، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ایک منفرد قدم میں عوامی مسائل کی سماعت اور تجاویز حاصل کرنے راج بھون میں خصوصی شکایتی باکس قائم کرنے کا اعلان کیا۔ گورنر جو ٹاملناڈو میں سرگرم سیاست میں حصہ لے چکی ہیں انہوں نے خود کو عوام سے قریب کرکے ان کے مسائل کی سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں انہوں نے پرجا دربار کی تجویز رکھی تھی لیکن کورونا کے بعد اس پر عمل نہیں ہوسکا۔ گورنر نے غریب اور مستحق طلبہ کو لیاپ ٹاپس کی فراہمی کے سلسلہ میں عوام اور رضاکارانہ تنظیموں سے تعاون کی اپیل کی تھی۔ راج بھون کو وصول ہونے والے لیاپ ٹاپس گورنر نے غریب طلبہ میں تقسیم کئے۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے سماج کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ریاست اور ملک کی ترقی کی مساعی کریں۔ گورنر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست اگرچہ نئی ہے لیکن ملک میں تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ انہوں نے وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے عوام میں قوت مدافعت میں اضافہ کیلئے روایتی اور تغذیہ بخش غذاؤں کے استعمال کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل کریں۔ گورنر نے 20 غریب طلبہ میں لیاپ ٹاپس کی تقسیم عمل میں لائی تاکہ وہ آن لائن تعلیم جاری رکھ سکیں۔ ان میں سے 7 استفادہ کنندگان جسمانی طور پر معذور ہیں۔ گورنر نے لیاپ ٹاپس فراہم کرنے پر سیوا انٹر نیشنل اور لیویز آرگنائزیشن کی ستائش کی۔ راج بھون کو تقریباً 2000 طلبہ کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ گورنر نے راج بھون میں شکایتی باکس کا آغاز کیا جس کے ذریعہ عوام سے نہ صرف مسائل بلکہ تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ گورنر نے کہا کہ شکایات اور تجاویز حکومت اور عوام کے درمیان رابطہ کا کام انجام دیں گے۔ عوام جو راست طور پر اپنے مسائل سے گورنر کو واقف کرانے سے قاصر ہیں وہ شکایتی سیل میں تحریری طور پر اپنے مسائل پیش کرسکتے ہیں۔ر