کابینہ میں شمولیت کی دعوت پر پارٹی میں فیصلہ ہوگا، کتہ گوڑم کے نومنتخب رکن اسمبلی سامبا سیوا راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری اور کتہ گوڑم اسمبلی حلقہ سے نو منتخب رکن کے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ عوامی مسائل پر تلنگانہ اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کیلئے وہ حکومت کو تجاویز اور مشورے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزارت میں شمولیت کی دعوت دی جائے تو پارٹی میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ سامبا سیوا راؤ نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا گیا اور عوام سے کئے گئے وعدے برفدان کی نذر کردیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ایک بھی وعدہ کی تکمیل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور سی پی آئی نے مفاہمت کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیا اور کتہ گوڑم سے مقابلہ کیا گیا باقی حلقہ جات میں کانگریس کی تائید کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بی آر ایس سے مایوس ہوکر حکومت کو زوال سے دوچار کردیا۔