رکن بلدیہ سنگاریڈی حافظ شیخ شفیع کا بیان
سنگاریڈی۔ 27 ؍فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حافظ شیخ شفیع رکن بلدیہ سنگاریڈی وارڈ نمبر24 نے اپنے ایک صحافتی بیان میں حالیہ بلدی انتخابات میں انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر تمام رائے دہندوں کادل کی عمیق گہرائیوں سے اظہار تشکر کر تے ہوئے کہا کہ رائے دہندوں نے ان پر اعتماد کر تے ہوئے اپنا قیمتی ووٹ دیا ہے جس کے لئے وہ ہمیشہ مشکور رہتے ہوئے بہترین کارکردگی ‘ عوام کے مسائل کی یکسوئی ترقیاتی اقدمات کے ذریعہ حق ادا کر نے کی حتی المقدور کو شش کرئینگے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے انتخابی منشور کے تحت عوام سے جو وعدے کئے تھے جیسے وارڈسے تعلق رکھنے والی غریب لڑکیوں کی شادی میں 1 تولہ سونا بطور تحفہ دینے کا وعدہ کیا ہے اس وعدے کو پورا کر تے ہوئے مستحق لڑکیوں اور ان کے والدین کی دعا لینگے ۔حافظ شیخ شفیع نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کی لہر کے باوجود ووٹر نے ان پر اعتماد کر تے ہوئے ان کی ذمہ داری کو اور بڑھا دیا ہے محلے کے ہر عمر کے افراد کے استفادہ کیلئے آن لائن سنٹر کا بہت جلد قیام عمل میں لائینگے ۔ جہاں پر حکومت کی تمام اسکیمات سے استفادہ کیلئے آن لائن کی مفت سہولت فراہم کی جائیگی ۔ انہوں نے بتا یا کہ سرکاری اسکیمات سے استفادہ کیلئے آن لائن درخواستوں کا ادخال کر تے ہوئے مستحق مرد و خواتین اور معمرین کو ہو رہی دشواریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مین نے انتخابات سے پہلے بھی یہ طئے کرلیا تھا کہ وہ ہر سطح پر عوام کی خدمت کرئینگے۔اور بھی کئی فلاحی و ترقیاتی اقدامات میر ے دل و ذہن میں محفو ظ ہے وقت کے سا تھ سا تھ اس پر عمل آوری کر تے ہوئے عوام کی دعا حاصل کرئینگے ۔یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہو گا کہ حافظ شیخ شفیع کی جانب سے وعدے کے مطابق وارڈ نمبر 24 کے ببلی کنٹہ کے 34 متاثرین میں فی کس 10 ہزار روپئے کے منجملہ 3.40 لاکھ روپئے مالی امداد فراہم کی گئی۔مفت منرل واٹر پلانٹ قائم کیا گیا جس سے عوام استفادہ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مقامی بزرگ ‘ مردو خواتین اور بچوں کیلئے مفت ہیلت کیمپ کا وقفہ وقفہ سے انعقاد عمل میں لائیں گے اور سا تھ ہی خواتین کو خود مکتفی بنانے کیلئے تربیتی مراکز کے قیام کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار سے مر بوط کرنے رہنمائی کی غرض سے ’’ جاب میلہ ‘‘ کا انعقاد بھی عمل میں لانے کی کو شش کریں گے ۔ بنیادی بلدی سہولتوں کے تحت روزآنہ وارڈ میں صاف صفائی ‘ کچرے کی نکاسی ‘ مچھر کش ادویا ت کا چھڑکائو ‘ ڈرین کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب عمل میں لائیں گے ۔علا وہ ازیں روزانہ عوام کے درمیان رہ کر عوامی مسائل کی یکسوئی کی سعی کریں گے اور ہمہ وقت عوام کو دستیاب رہیں گے ۔حافظ شیخ شفیع کی وارڈ نمبر 24 بلدیہ سنگاریڈی میں بحیثیت کانگریس امیدوار267 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی پر انہیں کانگریس قائدین اور دوست احباب کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔