پداپلی میں ضلع پریشد کا اجلاس، ریاستی وزیر کے ایشور کا خطاب
پداپلی : پداپلی عوامی نمائندوں کے ذریعہ عہدیداروں کے نظر میں لائے گئے مسائل کی فوری یکسوئی کرنے کی ریاستی وزیر بہبود کپولا ایشور نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بروز ہفتہ 17جولائی کو این ٹی پی سی ملینیم ہال میں زیڈ پی چیرمین کی زیر صدارت منعقدہ ضلع پرجا پریشد اجلاس میں حکومت کے وہپ کے ہمراہ ریاستی وزیر بہبود نے شرکت کی۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ مشن بھگیرتا کے زیر التواء کام جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔ ان کاموں کے لئے درکار فنڈز بھی جلد ہی جاری کئے جائیں گے۔ ضلع میں جنگلاتی اراضی اور روینو اراضی کے درمیان ,جنگلاتی اراضی اور خانگی اراضی کے درمیان تنازعات سے متعلقہ رپورٹ پیش کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق جوائنٹ سروے کے لئے اقدامات کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ضلع میں پلے پرگتی سے متعلقہ زیر التواء کام جلد از مکمل کئے جائیں۔مواضعات کو سبز مواضعات میں تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ نظام صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ راماگنڈم میں کثیر تعداد میں صنعتیں موجود ہیں، جن کی وجہ سے آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے تدارک کے لئے بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جانی چاہئے۔ اجلاس میں شریک ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے عوامی نمائندوں کے ذریعہ جاری کردہ ہدایات پر عہدیداروں کو ضروری اقدامات کرنے اور ان سے متعلقہ تفصیلات کی اطلاع مذکورہ عوامی نمائندوں کو فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ حکومت کے وہپ و ایم ایل سی بھانور پرساد راؤ، راما گنڈم ایم ایل اے کورو کنٹی چندر، مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر کمار، دیپک ضلعی عہدیداران، ایم پی ڈی اوز، متعلقہ عہدیداران، عوامی نمائندوں وغیرہ اس اجلاس میں شرکت کی۔