عوامی مسائل کی فوری یکسوئی کے اقدامات کی ہدایت

   

کریم نگر میں ڈائیل یوور کلکٹر پروگرام کے دوران عہدیداروں سے مسٹر ششانکا کا خطاب

کریم نگر :ڈائیل یور کلکٹر پروگرام میں عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کی ضلع کلکٹر کریمنگر ششانکا نے ہدایت دی بروز پیر کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع عہدیداران کے ہمراہ ڈائیل یور کلکٹر پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کریمنگر ششانکا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا ( کوویڈ 19) کے پیش نظر عوام دور مقامات سے ضلع کے مرکز آکر اپنے مسائل و درخواست راست داخل نہیں کرسکتے ایسی صورتحال میں عوام کے مسائل کی جانکاری اور انکے حل کے مقصد سے ہر پیر کو صبح 10:30 تا 12:00 بجے تک ڈائیل یور کلکٹر پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا۔ انہوں نے ضلعی عہدیداران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کے ذریعہ موصول درخواستوں کے حل کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں اور اندرون ایک ہفتہ مسئلہ کے متعلقہ کئے گئے اقدامات کی جانکاری فراہم کی جائے۔ علاوہ ازیں پچھلے ڈائیل یور کلکٹر پروگرام میں موصول ہوئی درخواستوں کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر موصولہ فریادوں کی تفصیلات کچھ اسطرح ہیں ،کریمنگر سے پدما نے فریاد کی کہ ضلع عہدیدار برائے صحت و طبابت کے دفتر میں خدمات کی انجام دہی کے بعد 9 سال قبل فوت ہوچکے خاوند کی ملازمت کوبیٹے کے سپرد کرنے کیلئے درخواست کے ادخال کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ اس پر ضلع کلکٹر نے عہدیدار برائے صحت و طبابت کو جلد از جلد اقدامات کی ہدایت دی۔ ریکورتی کے مستقر نے آنگن واڑی سنٹر کے کاموں کی عدم تکمیل کی شکایت درج کی ،ضلع کلکٹر نے متعلقہ عہدیدار کوعلاقہ کا جائزہ لینے اور رپورٹ درج کرنے کی ہدایت دی۔دھرمارام منڈل سے مدھو نے کانگریس حکومت کی جانب سے غرباء میں تقسیم کئے گئے مکانات سے متعلقہ فہرست فراہم کرنے کی خواہش کی۔ اس پر ضلع کلکٹر نے متعلقہ عہدیداران کو تفصیلات کی فراہمی کی ہدایت دی۔ ماناکنڈور کے رہائشی نے راجیو کالونی میں موریوں کی صفائی نہ کئے جانے کی شکایت درج کرائی اس پر ضلع کلکٹر نے متعلقہ عہدیدار کو فوری صفائی اقدامات اور سانیٹائیزیشن کروانے کی ہدایت دی۔ حضورآباد منڈل سے منیما نے 8 ایکر زرعی اراضی پر فصل کیلئے تخم کو بونے کے بعد لیکیج سے فصل میں مسلسل پانی کے ٹہراؤ کی وجہ نقصانات کے امکانات کے پیش نظر اقدامات کی درخواست کی ، ضلع کلکٹر نے ڈی ایل پی آر او کو فوری جائزہ لینے اور اقدامات کی ہدایت دی۔ملازمت کی فراہمی کیلئے موصول ہوئی درخواستوں کے متعلق ضلع کلکٹر نے ملازمت کے حصول کیلئے وارادھی سوسائٹی میں درخواست داخل کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ اہلیت کے مطابق سوسائٹی کے ذریعہ اقدامات کئے جائینگے۔ سائیداپور منڈل میں 4 گنٹہ اراضی کے موٹیشن کے متعلقہ درج کی گئی فریاد پر ضلع کلکٹر نے مسئلہ کے حل کی متعلقہ عہدیدار کو ہدایت دی۔