عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے اختراعی اسکیمات متعارف کرنے پر زور

   

کریم نگر میں منعقدہ کانفرنس سے ضلع کلکٹر آر وی کرنن اور دیگر کا خطاب
کریم نگر۔/3 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاتاواہنا یونیورسٹی کریم نگر کے شعبہ بزنس مینجمنٹ اور سنٹرفار رورل اسٹڈیز کے زیر اہتمام 2 مارچ کو قومی کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس کانفرنس میں ضلع کلکٹر آر وی کرنن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری اسکیمات عوام کیلئے باعث رحمت ہیں۔ ریاست تلنگانہ ملک میں مقبول ترین اسکیمات کو متعارف کراتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان اسکیمات سے معاشی اور سماجی حلات میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ کانگریس کے کلیدی مقرر آچاریہ گنتا چکراپانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ریاست میں عوام کو بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اختراعی اسکیمات متعارف کرانے کے لئے دوراندیشی کے ساتھ ٹھوس اقدام کرنے چاہیئے تاکہ مستحق عوام تک ان اسکیمات کی کامیاب رسائی ممکن ہوسکے۔مہمان خصوصی آچاریہ چننا بسوایا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام عوامی اسکیمات چند اصولوں اور منصوبوں اور طریقوں کو ذہن میں رکھ کر متعارف کئے جاتے ہیں تاکہ ان کے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں۔یونیورسٹی وائس چانسلر آچاریہ ملیش سنکشالا نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد فلاحی اسکیمات کے آغاز سے ریاست کی سماجی، اقتصادی و سیاسی زندگی میں تبدیلیاں آئی ہیں۔ مہمان خصوصی آچاریہ ورا پرساد نے کہا کہ تمام سرکاری اسکیمات کو مستحق افراد تک رسائی کیلئے ٹھوس اقدام کئے جانے چاہیئے۔ کانفرنس میں مختلف یونیورسٹیز کے پروفیسرس، محققین، لیکچررس، کانفرنس کے کوکنوینر، ڈاکٹر منوہر، آرٹس کالج پرنسپل ڈاکٹر ظفر، سائینس کالج پرنسپل ڈاکٹر جینتی، آچاریہ بھارت، آچاریہ سائیلو ، طلباء اور دیگر نے شرکت کی۔