سیلاب ، وائرل فیور ، یوریا کی قلت دیگر مسائل پر مباحث کرنے ہریش راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی میں حکومت یوریا کی قلت ، سیلاب کی تباہ کاریاں ، موسمی بیماریاں اور ہاسٹلس میں طلبہ کی اموات پر مباحث کے لیے تیار نہیں ہے ۔ اس لیے بی آر ایس پارٹی نے بی اے سی اجلاس سے واک آوٹ کیا ہے ۔ اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں عوام اور کسانوں کے بہت سارے مسائل ہیں ۔ اس پر بات کرنے کے لیے کم از کم 15 دن تک اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا بی آر ایس پارٹی نے مطالبہ کیا ہے جس کو حکومت نے قبول نہیں کیا ۔ حکومت صرف دو دن تک اسمبلی اجلاس منعقد کرنے کے موڈ میں ہے اس لیے بی آر ایس پارٹی نے واک آوٹ کیا ہے ۔ بی آر ایس کی جانب سے سیلاب کے مسائل پر مباحث کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ حکومت کیچڑ کی سیاست پر مباحث کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔ اتوار کو اسمبلی میں کالیشورم کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہمیں رپورٹ وصول ہی نہیں ہوئی ہم مباحث کی کیسے تیاری کریں گے ۔ اس پر حکومت کو غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ شدید بارش اور سیلابی تباہی کے بعد ریاست کے مختلف علاقوں بالخصوص ایجنسی علاقوں میں وائرل فیور تیزی سے پھیل گیا ہے ۔ عوام بہت زیادہ پریشان ہیں اس پر مباحث کرنے کی ضرورت ہے ۔ یوریا کی قلت سے کسان پریشان ہیں ۔ ہاسٹلس میں طلبہ کو بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں ۔ فیس ری ایمبرسمنٹ ، فورتھ سٹی ، حیڈرا کی انہدامی کارروائی کے علاوہ اور بھی کئی اہم مسائل ہیں جس پر فوری مباحث کرتے ہوئے انہیں حل کرنے اور عوام کو راحت فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ لیکن بی اے سی کے ایجنڈے میں اس کو شامل نہیں کیا گیا ۔ سرکاری ملازمین کے ٹی اے ، ڈی اے ، پی آر سی کے علاوہ دوسرے اور بھی مسائل ہیں ان سب کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔۔ 2