عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت کی مسلسل پیشقدمی

   

محبوب نگر میں اساتذہ کی ایک تقریب سے رکن ا سمبلی ینم سرینواس ریڈی کا خطاب

محبوب نگر /25 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تعلیم ، تہذیب اور تندرستی کی ارتقاء اور فروغ میں PET فزیکل ایجوکیشن ٹیچر کا اہم کردار ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا ۔ وہ آج گورنمنٹ جونئیر کالج بوائز محبوب نگر میں وزیکل ٹیچرز اسوسی ایشن کے زیر اہتمام ترقی حاصل کرنے والے فزیکل ایجوکیشن اساتدہ کی تقریب میں مخاطب تھے ۔ انہوں نے ترقی پانے والے اساتذہ کو اعزاز عطا کیا ۔ انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تہذیبی اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں پی ای ٹی بنیادی کردار کا حامل ہوتا ہے ۔ دماغی اور جسمانی طور پر بچوں کو مستعد رکھنے کا ذمہ دار ہوتا ہے ۔ انہوں نے علحدہ تلنگانہ کے حصول میں اساتذہ کے رول کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ جدوجہد تلنگانہ میں کسی سے پیچھے نہیں رہے اور مشکل حالات میں برابر جدوجہد کی ۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حکمرانی والی ہماری حکومت ، پیچھے مڑکر دیکھنا نہیں چاہتی اور وہ صرف ترقی مسائل کے حل کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے اساتدہ و دیگر شعبہ جات کے ذمہ داروں کو مشورہ دیا کہ وہ آگے بڑھنے والی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ پروگرام میں جگن موہن ریڈی ، ڈی ای او رویندر ،کرشنا کمار ، لکشمن یادو اور اساتذہ کی بڑی تعداد شریک تھی ۔