عوامی مسائل کے حل کیلئے 14 سال بعد ہریش راؤ سے بات چیت

   

نومبر سے پرجا دربار کا آغاز،کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔9۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں عوام کو جو بھی مسائل درپیش ہیں، وہ راست طور پر ان کی قیامگاہ سے رجوع ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے راست ملاقات کا نظم کیا ہے تاکہ مسائل کی بروقت یکسوئی ہوسکے ۔ میڈیا کے نمائدوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ نومبر سے سنگا ریڈی میں ان کی قیامگاہ پر پرجا دربار کا اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 14 برسوں سے ان کی وزیر فینانس ہریش راؤ سے بات چیت نہیں تھی ۔ تاہم عوام کی بھلائی کے لئے انہوں نے ہریش راؤ سے بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی سیاسی جماعتوں کے آگے نہیں جھکیں گے بلکہ وہ عوام کے آگے جھکنے کے لئے تیار ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سنگا ریڈی میں پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کے اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ وہ سنگا ریڈی کے بارے میں اپنے وعدوں کو پورا کریں۔ اگر چیف منسٹر وعدوں کی تکمیل کرتے ہیں تو وہ تاحیات ان کے احسان مند رہیں گے۔ دسہرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جگا ریڈی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ضعیف والدین کی خدمت کو شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے مرنے کے بعد ان کی فوٹو کے آگے ہاتھ جوڑنے سے کوئی فائدہ نہیں ۔ ان کے زندہ رہنے تک خدمت کرنا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ والدہ نے کافی مشقت کے ساتھ ان کی پرورش کی اور وہ آج اس مقام تک پہنچے ۔