آج ’’ چلو راج بھون ‘‘ پروگرام ، حکومت اجازت دے یا جیل بھیجنے تیار رہے ،ڈی سی سی صدر کا انتباہ
عادل آباد :صدر ضلع عادل آباد کانگریس کمیٹی ساجد خان نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے 16جولائی کو انعقاد کئے جانے والے چلو راج بھون پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔ ساجد خان نے عادل آباد میں احتجاجی پروگرام کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت پٹرول ۔ ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتو ں کو کنٹرول کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمتو ں میں بڑی حد تک کمی آئی ہے ۔ ملک میں پٹرول کی قیمت سنچری مکمل کرچکی ہے ۔ ڈیزل کی قیمت میں بھی ایک دو دن میں سنچری مکمل کرلے گی ۔ مرکزی حکومت غریب و متوسط طبقہ عوام کے جیب کاٹ کر اپنے صنعت کار دوستوں کے خزانوں کو بھر رہی ہے ۔ ساجد خان نے عوام پر عائد ہونے والے اضافی مالی بوجھ پر حکمران ٹی آر ایس کی خاموشی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ٹی آر ایس پٹرولیم اشیاء کی قیمتو ں میں اضافہ کے خلاف آواز نہیں اٹھا رہی ہے اور کانگریس کی جانب سے احتجاج کرنے پر اس کی اجازت بھی نہیں دے رہی ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رخ ہے ۔ دونوں حکومتو ں کو سبق سکھانے کیلئے کانگریس پارٹی کمربستہ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 16جولائی کے احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کرلی گئی ہیں ۔ کانگریس کے قائدین لاٹھی چارج اور جیل جانے سے ڈرنے ، گھبرانے والے نہیں ہے ۔ پولیس جمہوری انداز میں احتجاج کرنے کی اجازت دے ورنہ کانگریس کیڈر جیل جانے کیلئے تیار ہے ۔ عوامی مفادات کیلئے کانگریس پارٹی ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے ۔