عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے حکومت کا فیصلہ

   

وزیر صحت ای راجندر کی صنعت کاروں سے ملاقات، کووڈ قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائی کی تجویز
حیدرآباد: وزیر صحت ای راجندر نے تلنگانہ اسٹیٹ فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ کے ارکان کو تیقن دیا کہ حکومت عوامی مقامات پر کووڈ۔19 قواعد پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائے گی ۔ عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دینے حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔ فیڈریشن کے کئی ارکان نے تشویش کا اظہار کیا کہ عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال میں سنگین کوتاہی کی جارہی ہے۔ فیڈریشن نے وزیر صحت پر زور دیا کہ وہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ فیڈریشن کے صدر اے پرکاش نے کہا کہ سینئر ڈاکٹرس نے کورونا سے بچاؤ کے لئے ماسک کے استعمال کی ہدایت دی ہے ۔ دوائی کی عدم موجودگی میں ماسک کے استعمال کے ذریعہ وائرس سے بچا جاسکتا ہے ۔ طبی ماہرین نے حکومت کو قواعد کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا جس پر وزیر صحت نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ اور اموات کی شرح پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور بیداری کیلئے مہم چلائی جارہی ہے ۔ سماج کے مختلف طبقات میں آن لائین شعور بیداری مہم کے ذریعہ تہواروں کے موقع پر قواعد کی پابندی کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تہواروں کے دوران ہجوم کی صورت میں کورونا کے پھیلاؤ کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ فیڈریشن نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوامی مقامات پر قواعد کی پابندی کو یقینی بنائیں۔