عوامی مقامات پر چندہ وصول کرنے کے نام پردھوکہ دینے والی ٹولی بے نقاب

   

حیدرآباد : 25 اگست (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم اور بیگم بازار پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں عوامی مقامات پر چندہ وصول کرنے کے نام پر دھوکہ دینے والے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون ایم وینکٹیشورلو نے بتایا کہ 39 سالہ بی راما کرشنا ساکن میڑچل ملکاجگری جو سری کرشنا فاؤنڈیشن نارا پلی کا انچارج ہے چندہ وصولی کے نام پر گداگری کا ریاکٹ چلارہا تھا ۔ راما کرشنا 2017 ء میں گڈوے فاؤنڈیشن کے نام سے ادارہ چلایا کرتا تھا ۔ کچھ دنوں بعد اس نے مذکورہ 2 چندہ وصول کرنے والے اداروں کو ترک کرنے کے بعد اس نے اماں چیوتا فاؤنڈیشن جو ایل بی نگر منصورآباد میں واقع ہے چلارہا تھا ۔ اس سلسلہ میں ٹاسک فورس نے علاقہ ملک پیٹ میں اس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے فرضی ادارے اور چندہ وصولی کے کاروبار کیخلاف کارروائی کی تھی ۔ ٹاسک فورس ٹیم نے گرفتار راما کرشنا کے قبضہ سے موبائیل فون ، چندہ وصولی کیلئے استعمال کئے جانے والے باکس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ مذکورہ دھوکہ باز شہر کے علاقہ معظم جارہی مارکٹ اور بیگم بازار میں یہ کاروبار چلارہا تھا ۔