عوامی مقامات پر کرونا وائرس کیخلاف حفاظتی اقدامات

   

Ferty9 Clinic

ریاض ۔ 11مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں بلدیاتی و دیہی امور کی وزارت نے مملکت میں اپنے تمام سکریٹریٹس کیلئے ایک ہنگامی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن عوامی مقامات پر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں احتیاطی اقدامات پر مشتمل ہے۔ان اقدامات میں کھانے پینے کی جگہؤں اور عوامی مقامات پر نگرانی کو سخت کرنا اور وہاں کام کرنے والوں کی جانب سے وزارت بلدیات و دیہی امور کی جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا شامل ہے۔وزارت نے اپنے نوٹیفکیشن میں کئی امور پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ان میں ہاتھوں کا مسلسل دھونا، ان کو خصوصی مواد کے ذریعے جراثیم سے پاک کرنا یا ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھونا، آنکھ اور ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کرنا اور کھانے کی اشیاء تیار کرنے سے قبل اور اس کے دوران اور کھانا پیش کرتے ہوئے دستانے پہننا شامل ہے۔نوٹیفکیشن میں زور دیا گیا ہے کہ کسی بھی ورکر میں بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں اسے شفایاب ہونے تک کام سے روک دیا جائے۔ ان علامات میں بخار، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری شامل ہے۔بلدیاتی و دیہی امور کی وزارت نے کھانے کو اچھی طرح پکائے جانے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔