عوامی مقامات پر کورونا وائرس ٹیکہ سرٹیفیکٹ لازمی

   

آئندہ چند یوم میں نوجوانوں کیلئے ٹیکہ اندازی مہم ، حکومت سے منصوبہ بندی
حیدرآباد۔19اگسٹ(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے تمام عوامی مقامات پر کورونا وائر س کے ٹیکہ کا سرٹیفیکیٹ دکھانالازمی قرار دینے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں حکومت کی جانب سے 18 سال سے زائد عمر والے ہر شہری کو عوامی مقامات پر آزادانہ حمل و نقل کے لئے ٹیکہ اندازی کا سرٹیفیکیٹ ساتھ رکھنا ہوگا ۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 18سال سے زائد عمر کے جملہ 2.2کروڑ شہریوں میں 1.65کروڑ کی ٹیکہ اندازی مکمل کرلی گئی ہے اور اس ٹیکہ اندازی کی مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے مابقی تمام کو ٹیکہ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ٹیکہ کے حصول میں شہریوں کی عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے عوامی مقامات بالخصوص پارکس‘ تفریح گاہوں‘ شاپنگ مالس ‘ راستوں اور تجارتی اداروں کے علاوہ بینک‘ تھیٹر‘ سیاحتی مراکز پر بھی محکمہ صحت کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کی جانب سے 18 سال سے زائد عمر والے تمام شہریوں سے ٹیکہ کے سرٹیفیکیٹ دکھانے کے لئے کہا جائے گا اور جن کے پاس یہ سرٹیفیکیٹ نہیں ہوگا انہیں ان مقامات پر داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ M