وعدوں کی تکمیل میں ناکامی، خازن پی سی سی نارائن ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہوکر بلدی انتخابات کی مہم سے دور رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے سبب کے سی آر کو ہمت نہیں ہوئی کہ عوام کا سامنا کرسکے۔ لہذا بلدی انتخابات کی مہم میں حصہ نہیں لیا۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اپنی مرضی سے مہم سے دور نہیں رہے بلکہ عوام کی ناراضگی سے بچنے کیلئے فرار کا راستہ اختیار کیا۔ 120 میونسپلٹیز اور 9 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کو غیر اہم تصور نہیں کیا جاسکتا ۔ کے سی آر خود کو پرگتی بھون تک محدود کرچکے ہیں اور ان میں ہمت نہیں کہ وعدوں کی عدم تکمیل کے سلسلہ میں عوام کا سامنا کریں۔ کے سی آر کو بیروزگار نوجوانوں سے خوف ہے جنہیں ماہانہ 3016 روپئے بھتہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ کے سی آر کو بے گھر خاندانوں کا سامنا کرنے کا خوف ہے جنہیں ڈبل بیڈروم مکانات فراہم نہیں کئے گئے ۔ کے ٹی آر یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے رہے کہ وہ انتخابی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر یہ قبول کرچکے ہیں کہ ان کی حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ ڈسمبر 2014 ء میں چیف منسٹر نے اعلان کیا تھا کہ ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی تک وہ عوام سے ووٹ نہیں مانگیں گے ۔ یہ وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا ۔ لہذا کے سی آر نے انتخابی مہم کی ذمہ داری کے ٹی آر کو سونپ دی اور عوامی ناراضگی سے بچنے کیلئے خود پرگتی بھون تک محدود ہوگئے۔