عوامی نمائندوں کا ٹیکنالوجی سے ہم آہنگہونا ضروری :لوک سبھا اسپیکر

   

نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج جے پور میں راجستھان قانون ساز اسمبلی کے اراکین کیلئے منعقدہ اورینٹیشن پروگرام کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراکین کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایوان میں طرز عمل کے اعلیٰ ترین معیارات قائم کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جمہوریت میں پالیسیوں اور مسائل پر اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن اس طرح کے اختلاف کا اظہار ایوان کے وقار اور آاداب کے دائرے میں ہونا چاہیے ۔ برلا نے زور دیا کہ صدر اور گورنر کے خطاب کے دوران ایوان میں کوئی خلل نہیں آنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطاب ہمارے پارلیمانی نظام میں ایک اہم موقع ہے جس کا سب کو احترام کرنا چاہیے ۔لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ہر رکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان کے ذریعے جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اہم رول ادا کرے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنا پورا وقت ایوان میں دیں اور سینئر رہنماؤں اور اراکین کی تقاریر کو سنیں اور ان سے سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک رکن جتنا زیادہ وقت ایوان میں بیٹھے گا، اتنا ہی زیادہ تجربہ حاصل کرے گا اور وہ پوری ریاست کے سماجی و اقتصادی حالات سے واقف ہوگا۔