حیدرآباد۔/23 اگسٹ،( سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے آج ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے تلنگانہ میں عوامی نمائندوں کی عدالت کے جج کو معطل کردیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے مقدمات سے متعلق عدالت کے جج جئے کمار کو فوری اثر کے ساتھ معطل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے داخل کی گئی درخواست پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ کیا۔ حال ہی میں ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کی جانب سے الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ میں تحریف سے متعلق شکایت پر جج جئے کمار نے فیصلہ سنایا تھا۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کے علاوہ مزید 10 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے محبوب نگر ٹوٹاون پولیس کو ہدایت دی تھی۔ ان دس افراد میں بعض آئی اے ایس عہدیدار بھی شامل ہیں۔ مرکزی اور ریاستی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی جسٹس جئے کمار نے ہدایت دی تھی۔ الیکشن کمیشن نے اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے شکایت کی کہ دستوری اداروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت نہیں دی جاسکتی۔ جسٹس جئے کمار نے اپنے فیصلہ میں حدود سے تجاوز کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے جج جئے کمار کو معطل کرنے کا فیصلہ سنایا۔