عوامی نمائندے‘ سرکاری دواخانہ میں علاج کرائیں

   

گاندھی ہاسپٹل میں 250 وینٹیلیٹرس بے کار پڑے ہیں ‘کشن ریڈی
حیدرآباد۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ عوامی نمائندے جو کورونا سے متاثر ہیں انہیں سرکاری دواخانوں میں شریک کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری دواخانوں میں علاج کے تعلق سے عوام میں اعتماد بحال کرسکتی ہے بشرطیکہ ارکان اسمبلی اور وزراء سرکاری دواخانوں میں علاج کروائیں۔ گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ دہلی ‘ ممبئی اور چینائی کے بعد حیدرآباد میں زیادہ کورونا کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔ تلنگانہ میں ٹسٹنگ کم ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے ریاست کو 600 وینٹیلیٹرس فراہم کردئے گئے ہیں لیکن 250 وینٹیلیٹرس گاندھی ہاسپٹل میں بے کار پڑے ہیں۔ مرکزی وزیر نے تجویز پیش کی کہ ریاستی حکومت گاندھی ہاسپٹل آوٹ سورس ملازمین کے معاوضہ میں اضافہ کرے ۔ بحیثیت رکن پارلیمنٹ سکندرآباد یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ گاندھی ہاسپٹل کے مریضوں میں اعتماد بحال کریں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ریاستی حکومت پتہ چلانے ‘ ٹسٹ اور علاج میں تیزی لائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ حکومت ضرورت محسوس کرے تو مرکز کی جانب سے ہاسپٹل عملہ کو تربیت دی جاسکتی ہے ۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس میں ریاستی نرسنگ اسٹاف کو آن لائین ٹریننگ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت چاہے تو مرکز بی بی نگر آل انڈیا اسنٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس کو کورونا ہاسپٹل میں تبدیل کرنے پر غور کرسکتی ہے ۔