عوامی ہمدردی حاصل کرنے ریونت ریڈی خود جیل گئے

   

ٹی آر ایس کا الزام، گوپن پلی اراضی معاملت میں بچنے کی کوشش

حیدرآباد۔/7 مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان مقننہ کے پربھاکر اور جی بالراجو نے کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کے خلاف کارروائی کو حق بجانب قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے معاملہ میں کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری آر سی کنتیا اور راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد کی جانب سے حکومت پر عائد کردہ الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوپن پلی اراضی پر غیر قانونی قبضہ کے معاملہ کو چھپانے کیلئے ریونت ریڈی نے عمداً خود کو گرفتار کرایا اور جیل پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اجازت کے بغیر ڈرون کیمرے کا استعمال غیر قانونی ہے۔ قانون ساز عوامی نمائندے اگر خود قانون کی خلاف ورزی کریں تو یہ شرمناک ہے۔ عوام تمام حالات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ اسمبلی میں اپوزیشن کے رویہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ارکان مقننہ نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی مسئلہ نہیں ہے لہذا وہ حکومت پر الزام تراشی کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو تلنگانہ کے ہر الیکشن میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے میں رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈ ی کی جانب سے حکومت پر الزام تراشی ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو اپنے حلقہ انتخاب اچم پیٹ کے دورہ کی دعوت دیتے ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے سکیں۔ کانگریس کو ریاست میں ترقیاتی کام دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ میں تاخیر کیلئے کانگریس ذمہ دار ہے۔ بالراجو نے کہا کہ اپوزیشن کو اسمبلی میں تعمیری مباحث کیلئے حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ اپوزیشن کا کام حکومت کی کارکردگی پر تعمیری تنقید کرنا ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ ریونت ریڈی کی گرفتاری کے مسئلہ پر کانگریس قائدین غیر ضروری الزام تراشی کرتے ہوئے حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ قانون سب کیلئے یکساں ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوپن پلی میں ریونت ریڈی اراضی معاملات میں ملوث ہیں اور ان بے قاعدگیوں کو چھپانے کیلئے گرفتاری کا ڈرامہ رچا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی جان بوجھ کر جیل گئے تاکہ عوامی ہمدردی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ قانون سے واقف ہر شخص ریونت ریڈی کی گرفتاری کی تائید کرے گا۔ بالراجو نے کہا کہ ہر الیکشن میں عوام نے کانگریس کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے حکومت کے خلاف الزامات کو بے معنیٰ قراردیا اور کہا کہ کسی بھی الزام کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔