عوام احتیاط برتیں ‘ اس بار موسم گرما انتہائی شدید ہوسکتا ہے

   

شدت میں ابھی سے اضافہ کا آغاز ۔ آئندہ دنوں میں درجہ حرات میں مزید اضافہ کا خدشہ

حیدرآباد ۔ 17 فروری ( سیاست نیوز) جاریہ موسم گرما انتہائی شدید ہوسکتا ہے اور موسم کے اواخر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے جو معمول کی گرمی سے بہت زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔شہر میںآئندہ ماہ کے اوائل اور وسط میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے کیونکہ کئی حصوں میں وسط فروری کے دوران 30 تا 32 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہو چکا ہے اور دوپہر میں دھوپ کی شدت اور گرمی کا احساس ہونے لگا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جاریہ ایام میں جو درجہ حرارت ہے وہ معمول سے 5 ڈگری زیادہ ہے اور یہ عام طور پر اپریل کے آغاز سے ابتدائی دو ہفتوں میں ریکارڈ کیا جاتا تھا لیکن اس سال گرمی کی شدت میں اضافہ ابھی سے ہورہا ہے جو کہ عوام کیلئے تکلیف کا سبب بن سکتا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 35 سے 40 ڈگری کے درمیان ہوگا ۔ شہر میں گرما کی آمد کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ یہ ایام موسم کی تبدیلی کے ہیں اور ان میںدرجہ حرارت میں اضافہ معمول کی بات ہے لیکن فروری کے آخری ہفتہ میں عام طور پر 32 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتاہے لیکن اس مرتبہ 38 ڈگری کے خدشات ظاہر ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ ماہ درجہ حرارت میں مزید2ڈگری کا اضافہ ہوگا ۔ ماہ مارچ کے ابتدائی ایام میں شدید گرمی کے خدشات کے ساتھ موسمیات ماہرین کا کہناہے کہ عام طور پر ماہ اپریل کے دوسرے ہفتہ سے ریکارڈ کی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ جلد موسم گرما کی شدت میں اضافہ سے محسوس ہوتا ہے کہ شہر میں دھوپ اور شدید گرمی کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے آخری ایام میں سردی کی لہر کے بعد ہی پیش قیاسی کی جانے لگی تھی کہ موسم گرما کی شدت میں بھی اضافہ ہو گا۔ ماہرین کے مطابق شہرو اضلاع میں موسمی تبدیلی کے منفی اثرات بھی ہوسکتے ہیں اسی لئے عوام کو اس میں مکمل احتیاط کرنا چاہئے اور راست دھوپ سے بچنے کو یقینی بنانے کے علاوہ وافر مقدار میں پانی کے استعمال اور گرمی میں شدت کے اثرات سے محفوظ رکھنے والی اشیائے تغذیہ بالخصوص مشروبات کے استعمال پر توجہ دینی چاہئے ۔م