عوام اقتدار کے گھمنڈ اور تکبر کو پسند نہیں کرتے

,

   

این سی پی سربراہ شردپوار کا ردعمل،مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیلئے نومنتخبہ پارٹی ارکان کا دیوالی کے بعد اجلاس

ممبئی۔24اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں بی جے پی اور شیو سینا اتحاد کی انتخابات میں شاندار کامیابی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ عوام اقتدار کے تکبر اور گھمنڈ کو پسند نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام این سی پی کو اپوزیشن میں دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ حکومت سازی کی کوششیں نہیں کریں گے ۔ شرد پوار کا کہنا ہیکہ عوام کی جانب سے بی جے پی ۔ شیو سینا اتحاد کے 220 نشستوں کے حصول کے دعویٰ کو پسند نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ این سی پی عوام کے فیصلہ کو تسلیم کرتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس، این سی پی ، پی ڈبلیو پی ، سوابھیمانی شیتکاری سنگھٹن اور دیگر حلیف جماعتوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے ۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ عوام اقتدار کے گھمنڈ اور تکبر کو پسند نہیں کرتے ۔برسراقتدار جماعت کے قائدین کے نام لئے بغیر پوار نے کہا کہ بعض افراد اپنے خیالات کے اظہار میں حد سے تجاویز کرگئے ۔ عوام نے این سی پی کو اپوزیشن میں رہنے کیلئے کہا ہے کیونکہ اقتدار کے حصول کی کوشش سے ہمارے ذہن تبدیل ہوں گے ۔ شرد پوار نے کہا کہ وہ پارٹی کو وسعت دینے کیلئے کام کریں گے ۔ این سی پی سربراہ نے یہ محسوس کیا کہ جن قائدین نے اپوزیشن کیمپ کو چھوڑ کر برسراقتدار جماعتوں میں شمولیت اختیار کی ہے انہیں عوام نے قبول نہیں کیا ہے ۔ انتخابات کے پیش نظر ان کے اس عمل کو عوام نے پسند نہیں کیا ۔ حلقہ ستارا کے این سی پی کے سابق رکن پارلیمنٹ اودین راجے بھوسلے کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی میں شامل ہونے کے ان کے فیصلہ کو پسند نہیں کریں گے ۔ شرد پوار نے بتایا کہ این سی پی کے نومنتخب ارکان اسمبلی کا اجلاس دیوالی کے بعد منعقد ہوگا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ این سی پی اور حلیف جماعتوں کا بھی دیوالی کے بعد ہی اجلاس ہوگا جس میں مختلف اُمور پر تبادلہ خیال ہوگا اور اپوزیشن قائد نے انتخاب سے متعلق بھی اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔