عوام برقی بلس آن لائین ادا کریں: وزیر برقی جگدیش ریڈی

   

24 گھنٹے برقی سربراہی کے لیے برقی ملازمین کی ستائش، برقی کی صورتحال اطمینان بخش
حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے برقی بلس آن لائین ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون میں برقی کے عہدیدار اور ملازمین دن رات محنت کرکے بلا وقفہ برقی کی سربراہی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عوام کو تکلیف کے بغیر برقی سربراہی کے سلسلہ میں وہ برقی ملازمین کی ستائش کرتے ہیں۔ وزیر برقی نے آج ودیوت سودھا میں اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا اور ریاست میں برقی کی سربراہی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے عوام گھروں میں محفوظ ہیں اور محکمہ کی جانب سے 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ حال ہی میں بارش کے باوجود کسی مقام پر ٹرانسفارمرس میں خرابی پیدا نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ برقی بلس کیلئے ریڈنگ حاصل کرنے کا موقع نہیں ہے لہٰذا ملازمین گھروں کو جانے سے قاصر ہیں۔ لہٰذا برقی کے متعلق بلس عوام کو آن لائین ادا کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں اختیار طریقہ کار کے مطابق تلنگانہ نے برقی بلس حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مارچ میں برقی کا جو بل آیا تھا اسی کے مطابق جاریہ سال مارچ کا بل ادا کیا جائے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں ریڈنگ 15 تا 20 فیصد زائد آسکتی ہے لیکن آئی آر سی کے مطابق بل ادا کیا جائے۔ عوام کو بلس روانہ کردیئے گئے ہیں لہٰذا وہ ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برقی صارفین سے ایک روپیہ بھی زائد وصول نہیں کیا جائیگا اور آئندہ ماہ کے بل میں اڈجسٹمنٹ ہوگا۔ ای سی ڈی سی ایل حدود میں 40 فیصد سے زائد صارفین بل آن لائین ادا کرتے ہیں۔ 10700 کمرشیل اداروں سے ریڈنگ لئے بغیر ہی بل جاری کئے گئے۔ کمرشیل ادارے بھی گزشتہ سال کے مقابلے 50 فیصد بل ادا کریں۔ زائد بل کی صورت میں آئندہ بل میں اڈجسٹمنٹ کیا جائیگا۔ گزشتہ سال مارچ میں برقی 8,900 میگاواٹ طلب تھی جبکہ جاریہ سال 7,800 میگا واٹ ہے۔ وزیر برقی نے کہا کہ وائرس سے بچائو کیلئے لاک ڈائون توسیع کا فیصلہ ناگزیر تھا۔ اسپیشل سکریٹری توانائی اجئے مشرا، ٹرانسکو ایم ڈی ڈی پربھاکر رائو، ایس پی ڈی سی ایل کے ایم ڈی رگھوما ریڈی اور دیگر عہدیدار جائزہ اجلاس میں شریک تھے۔