عوام بہرصورت بی جے پی کو شکست دینا چاہتے تھے : شکلا

   

اندور 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد راجیو شکلا نے آج کہا ہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں عوام نے اپنی مکمل تائید عام آدمی پارٹی کو اِس لئے بھی دی کیوں کہ وہ کسی بھی قیمت بی جے پی کو شکست دینا چاہتے تھے۔ اروند کجریوال کی زیرقیادت عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی انتخابات 2020 کے لئے ہوئی 70 نشستوں کی رائے دہی میں 62 نشستیں حاصل کیں جبکہ بی جے پی نے گزشتہ کے برعکس بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 8 نشستیں حاصل کیں۔ علاوہ ازیں کانگریس کے لئے 2015 ء انتخابات سے حالات کچھ مختلف نہیں تھے اور وہ متواتر دوسری مرتبہ بھی ایک بھی نشست حاصل نہیں کرپائی۔ دریں اثناء شکلا نے کہاکہ اِس مرتبہ دہلی اسمبلی انتخابات میں عوام کسی بھی قیمت پر بی جے پی کو شکست دینا چاہتے تھے اور اُن میں یہ خوف تھا کہ اِن کا ووٹ منقسم نہ ہو کیوں کہ ووٹوں کی تقسیم سے بی جے پی کو فائدہ ہوسکتا ہے جو فرقہ وارانہ خطوط پر مقابلہ کررہی تھی۔ یہی وہ حالات ہیں جس کی وجہ سے دہلی کے عوام نے متحدہ طور پر بی جے پی کے برعکس عاپ کو اپنا ووٹ دیا۔ وزیرداخلہ امیت شاہ کے بیان پر جب اِن سے سوال کیا گیا تو شکلا نے کہاکہ نفرت انگیز بیانات پر عوام امیت شاہ کے خیالات پر اُس وقت ہی یقین کریں گے جب وہ اپنے وزراء کے خلاف تادیبی کارروائی کریں گے جنھوں نے انتخابی مہم کے دوران نفرت انگیز بیانات دیئے جس میں گولی مارو اور ہند ۔ پاک مقابلہ جیسے بیانات دیئے گئے تھے۔