کانگریس کے اخبارات کے خلاف انتقامی کارروائی، عالم پور میں انتخابی جلسہ سے صدر کانگریس کا خطاب
حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی، چیف منسٹر کے سی آر اور صدر مجلس اسد الدین اویسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ تینوں ایک ہوچکے ہیں اور تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی روکنا چاہتے ہیں۔ کانگریس کی انتخابی مہم کے تحت ملکارجن کھرگے نے آج نلگنڈہ ضلع کے عالم پور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی، بی آر ایس اور مجلس سے چوکس رہیں۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ریاست کے عوام نے کانگریس کو برسراقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تلنگانہ کے چناؤ پر ملک بھر کی نظریں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت کانگریس اور اس کے اداروں کے خلاف انتقامی کارروائی کررہی ہے۔ ملک میں تین اخبارات کے 780 کروڑ کے اثاثہ جات ضبط کرلئے گئے یہ تینوں اخبارات پنڈت جواہر لال نہرو کے ذاتی اثاثہ جات ہیں۔ ملک کی جدوجہد آزادی میں مذکورہ اخبارات کا اہم رول رہا۔ ملکارجن کھرگے نے بی جے پی اور بی آر ایس پر غریبوں کی بھلائی کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کے سی آر آنجہانی اندرا گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جبکہ دونوں میں کوئی تقابل نہیں ہے۔ کے سی آر فارم ہاوز اور اثاثہ جات کیلئے شہرت رکھتے ہیں جبکہ اندرا گاندھی نے غریبوں کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں عوام سے کئے گئے وعدے کے سی آر نے فراموش کردیئے۔ انہوں نے کہا کہ وجے شانتی نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے تلنگانہ تحریک کے دوران چار تا پانچ گھنٹوں تک لوک سبھا اسپیکر کے پوڈیم کے قریب احتجاج کیا تھا اس وقت کے سی آر کہاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر، ان کے فرزند کے ٹی آر، دختر کویتا اور بھانجہ ہریش راؤ تلنگانہ ریاست کو لوٹ رہے ہیں۔ صدر کانگریس نے یقین دلایا کہ پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ 6 ضمانتوں پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔