عوام بی آر ایس اور حلیف جماعت سے ناراض ‘ تبدیلی یقینی

   

حلقہ ملک پیٹ میں کانگریس امیدوار شیخ اکبر کا عزیز پاشاہ کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔14۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے عوامی رائے تبدیل ہونے لگی ہے اور وہ بی آر ایس کے علاوہ حلیف جماعت کے نمائندوں سے بیزارگی کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ جناب شیخ اکبر نے آج جناب سید عزیز پاشاہ سابق رکن راجیہ سبھا‘ مسٹر وجئے سمہا ریڈی ‘ جناب الحاج سید سلیم و دیگر قائدین کے ہمراہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عوام سے ملاقات میں ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک پیٹ سے تبدیلی کی جو لہر چل پڑی ہے وہ ریاست کے تمام حلقوں میں محسوس کی جانے لگی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ملک پیٹ میں عوام جس انداز میں کانگریس کا خیر مقدم کر رہے ہیں اس کی گذشتہ 20 برسوں میں کوئی نظیر نہیں ملتی بلکہ اس مرتبہ کانگریس کو عوام نے کامیابی سے ہمکنار کرنے کا ذہن بنالیا ہے ۔اقلیتی آبادیوں میں خاموش ووٹرس نے تبدیلی کے رجحان کو محسوس کرکے تیقن دیا کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا درست استعمال کرکے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنائیں گے جبکہ اکثریتی غالب آبادیوں میں کھل کر بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخالفت کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس مرتبہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کو شکست سے دوچار کرکے سیکولر افراد کی کامیابی کو یقینی بنانا ہے اور مقصد کیلئے متحدہ رائے دہی کی جائے گی۔ جناب شیخ اکبر نے کہا کہ اسمبلی پہنچنے پر وہ حلقہ ملک پیٹ کے عوام کی آواز ثابت ہوں گے اور عوام کو وہ تیقن دیتے ہیں کہ وہ کامیابی کے بعد عوام میں میں رہ کر ان کی ترقی کے علاوہ ان کے مسائل کے حل کیلئے سرگرم عمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کی 6ضمانتیں تلنگانہ میں عوام کو متحد کرچکی ہیں اور عوام ان ضمانتوں پر عمل کیلئے لازمی کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کا تہیہ کرچکے ہیں لیکن عوام کو ورغلاکر انہیں نقصان پہنچانے یہ باور کروانے کی کوشش کی جار ہی ہے کہ کانگریس کو اقتدار حاصل نہیں ہوگا جبکہ وہ 100 فیصد یہ کہہ سکتے ہیں کہ ریاست میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی جو عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرکے انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے مواقع فراہم کرے گی۔
کانگریس امیدوارراج گوپال ریڈی کی کار کی تلاشی
حیدرآباد14نومبر(یواین آئی) منوگوڑو کانگریس امیدوار راج گوپال ریڈی کی کار کی پولیس نے تلاشی لی۔تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پولیس نے گاڑیوں کی تلاشی کے کام میں شدت پیدا کردی ہے ۔منوگوڑومنڈل کے کوریٹی کلادیہات میں وہ انتخابی تشہیری مہم کیلئے جارہے تھے کہ گوڈاکوروچیک پوسٹ کے قریب پولیس نے ان کی کار کوروکا اور اس کی تلاشی لی۔راج گوپال ریڈی نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا ۔

اور تلاشی کے بعد وہ وہاں سے اپنی کار میں روانہ ہوگئے ۔