عوام بی جے پی سے بیزار، ہریانہ میں کانگریس کو عوامی تائید

   

سونی پت (ہریانہ) 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے سابق چیف منسٹر بھوپندر سنگھ ہوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس کو بڑے پیمانہ پر عوام کی تائید حاصل ہورہی ہے اس لئے وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد ہریانہ میں اپنی حکومت قائم کرے گی۔ ہوڈا کانگریس کے ریاستی یونٹ کے ارکان اسمبلی کے قائد ہیں۔ انھوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیاکہ وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ہوڈا نے محمود پور اور اس حلقہ اسمبلی کے دیگر گاؤں میں تقریر کرتے ہوئے کہاکہ ہوا پلٹ چکی ہے اور کانگریس کو ساری ریاست میں زبردست تائید حاصل ہورہی ہے اور کانگریس آئندہ حکومت قائم کرے گی۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ہر سیٹ کی اہمیت ہے۔ بروڈدہ میرا طاقتور حلقہ ہے اور اس بار ہم زیادہ ووٹوں سے الیکشن جیت لیں گے۔ انھوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ کانگریس کو طاقتور بنائیں۔ ہوڈا کانگریس کے بڑودہ کے امیدوار شری کرشن ہوڈا کی تائید میں تقریر کررہے تھے۔ کرشن ہوڈا کا مقابلہ سابق پہلوان یوگیشور دت سے ہے جو بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ ہوڈا نے الزام عائد کیاکہ ریاستی بی جے پی حکومت نے عوام سے غلط وعدے کئے تھے یہ بات اب ظاہر ہوچکی ہے۔