برلن : توانائی کی روسی کمپنی گیس پروم نے جرمنی کو بذریعہ نورڈ اسٹریم ون پائپ لائن گیس کی ترسیل میں کمی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ سپلائی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 67 ملین کیوبک میٹر تک محدود کر دینے پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔روس کی طرف سے جمعرات 16 جون جرمنی کے لیے گیس کی سپلائی میں مزید کمی پر عملدرآمد دراصل منگل کے اْس بیان کے بعد سامنا آیا، جس میں کہا گیا تھا کہ روس جرمنی کو گیس کی سپلائی میں کمی لاتے ہوئے اسے 100 ملین کیوبک میٹر یومیہ کر دے گا۔ یاد رہے کہ یہ سپلائی 167 ملین کیوبک میٹر یومیہ سے کم کر کے اس سطح پر لائی گئی ہے۔ اس طرح گزشتہ دو روز کے اندر جرمنی کو روسی گیس کی سپلائی میں قریب 60 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔معروف جرمن کمپنی ’سیمنز انرجی‘ نے منگل کو کہا تھا کہ نورڈ سٹریم 1 گیس ٹربائنز حالیہ دنوں میں مرمت کیلئے کینیڈا بھیجے گئے تھے تاہم روس یوکرین کی جنگ کے تناظر میں روس پر لگی پابندیوں کے سبب وہ ٹربائنز جن کی حال ہی میں کینیڈا میں مرمت ہوئی تھی مونٹریال سے واپس نہیں بھیجے جا سکے۔ واضح رہیکہNord Stream 1 پائپ لائن جرمنی کی مرکزی پائپ لائن ہے، جس کے ذریعہ جرمنی تک روسی گیس کی ترسیل ہوتی رہی ہے۔