حیدرآباد18جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر فائنانس ہریش راو نے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں رہنے والے افراد کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مفت پیشکش کی جانے والی چیزوں سے لالچ نہیں دیا جاسکتا۔وہ اس حقیقت سے باخبر ہیں کہ کون ان کو ترقی دلاسکتا ہے ۔ہریش راو نے ریاست میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں سنگاریڈی بلدیہ میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہاکہ سنگاریڈی حلقہ کے رائے دہندے پہلے ہی سنگاریڈی سے کانگریس کے رکن اسمبلی کو منتخب کرنے پرافسوس کا اظہار کررہے ہیں کیونکہ گزشتہ ایک سال سے عوام ان سے ملاقات بھی نہیں کرسکے ۔انہوں نے تلنگانہ میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران حکومت کی جانب سے متعارف کردہ فلاحی اسکیمات اورترقیاتی پروگراموں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے سنگاریڈی بلدیہ کی ذمہ داری قبول کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہاکہ اس کو سدی پیٹ ٹاون کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہاں بچوں کے لئے پارک،سی سی روڈس اور دیگر ترقیاتی کام کروائے جائیں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ آزاد امیدواروں کو پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی کو کالیشورم پروجیکٹ سے پانی لاتے ہوئے یہاں پانی کی قلت کے مسئلہ کو مستقل طور پردور کیاجائے گا۔