شہریوں کی سہولت کیلئے سروے: کمشنر جی ایچ ایم سی امراپالی
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) کمشنر جی ایچ ایم سی کے امراپالی نے جی آئی ایس سروے پر شہریوں کی بے چینی پر وضاحت کی اور کہاکہ سروے کا مقصد پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کرنا نہیں ہے اور مکان مالکین کو سروے پر گمراہ کن خبروں پر توجہ نہیں دینی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جامع انٹیگریٹیڈ جیوگرافی انفارمیشن سسٹم سروے کا مقصد تمام جائیدادوں کا رقبہ اور دیگر تفصیلات حاصل کرنا ہے تاکہ بلدی خدمات بشمول صفائی کو بہتر بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ سروے کی بنیاد پر پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سروے میں حصہ لیتے ہوئے گھر گھر پہونچنے والی ٹیموں کو تفصیلات فراہم کریں۔ سیلف ہیلپ گروپس اور ریسیڈنٹس ویلفیر اسوسی ایشنوں کی مدد سے یہ سروے کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ جائیداد مالکین کو سروے میں شخصی معلومات جیسے آدھار اور پیان کی تفصیلات پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کمشنر نے کہاکہ سروے میں ہر شخص سے متعلق معلومات کا تحفظ کیا جائے گا اور ڈیٹا کلکشن صرف جائیداد سے متعلق اُمور میں رہے گا۔ کمشنر بلدیہ نے کہاکہ شہری علاقوں کی ترقی اور بہتر عوامی خدمات کیلئے یہ تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ عہدیدار کسی بھی مکان مالک سے آدھار اور پیان کی تفصیلات نہیں پوچھیں گے۔ واٹر اور الیکٹرسٹی بل کی پیشکشی بھی اختیاری رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ جائیداد کے محل وقوع سے متعلق بنیادی معلومات حاصل کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ جی آئی ایس سروے کے تحت سڑکوں، عمارتوں، تالابوں، پارکس اور دیگر عمارتوں کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد حدود میں 158 مربع کیلو میٹر کا ڈرون سروے کیا گیا اور 114020 پلاٹس کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ۔ حیدر نگر، میاں پور، چندا نگر، کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی، اپل و حیات نگر میں سروے مکمل ہوچکا ہے۔ مادھاپور، آلوین کالونی، شیرلنگم پلی، گاجولا رامارم، ناگول، رامچندرا پورم میں سروے کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ آئندہ ماہ سے تقریباً 600 ٹیمیں سروے کے کام میں مشغول ہوجائیں گی اور ہر ٹیم میں 2 ارکان ہوں گے۔ مارچ 2025 ء تک سروے کی تکمیل کا امکان ہے۔ 1