عوام سے پولیس کی بدکلامی یا مارپیٹ نامناسب

   

خوش اخلاقی سے پیش آنے پولیس کو وزیر داخلہ کی ہدایت
حیدرآباد۔26؍ اپریل( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حیدرآباد اور سائبرآباد کے پولیس کمشنرس کو ہدایت دی کہ عوام کے مارپیٹ اور بدکلامی کرنے والے ما تحت عہدیداروں اور ملازمین کے خلاف کارروائی کریں ۔ انہوں نے مغلپورہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر کی جانب سے مارپیٹ‘ ہراسانی اور خواتین سے بدکلامی کے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر پولیس انجنی کمار کو سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کا مشورہ دیا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ وہ سب انسپکٹر کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں ۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ لاک ڈاون کے دوران مار پیٹ کے بجائے عوام سے ہمدردی کا سلوک کریں ۔ فرینڈلی پولیسنگ محمود علی نے کمشنر سائبرآباد سے ربط قائم کرتے ہوئے میلاردیو پلی میں نوجوان پر بے رحمانہ حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ۔ وزیر داخلہ نے قاضی پیٹھ ورنگل میں مساجد سے اذان اور سائرن کے استعمال پر پابندی پر کمشنر پولیس ورنگل سے بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اذان اور سائرن پر کوئی اعتراض نہ کیا جائے ۔ مساجد میں پانچ افراد کے ساتھ نماز کی اجازت دی جائے ۔