عوام سے کئے گئے ہر وعدہ کو پورا کرنے کا عزم :جگن موہن ریڈی

   

حیدرآباد،21 ۔ نومبر ( یو این آئی) عالمی یوم سمکیات کے موقع پر اے پی کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مشرقی گوداوری ضلع کے مُمڈی ورم حلقہ میں وائی ایس آربھروسہ اسکیم کی شروعات ریاست کے ماہی گیروں کے لئے کی۔ سمندر میں ماہی گیروں کو مچھلیاں پکڑنے کے لئے جانے پر پابندی کے عرصہ کے دوران گزشتہ حکومت نے ان ماہی گیروں کے خاندانوں کی امداد کے لئے فی خاندان 4000روپئے ادا کئے تھے تاہم موجودہ وائی ایس آرکانگریس حکومت نے اس رقم میں اضافہ کرتے ہوئے اس کو دس ہزار روپئے کردیا ہے ۔جگن موہن ریڈی نے عالمی یوم سمکیات کے موقع پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہاکہ خدا کے فضل اور عوام کے آشیرواد سے ہم نے عوام سے کئے گئے ہر وعدہ کو ذمہ داری کے ساتھ پورا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سمندر میں مچھلی پکڑنے پر پابندی کے عرصہ کے دوران اس نئی اسکیم کے ذریعہ ہر ماہی گیر کو دس ہزار روپئے ،9000روپئے ڈیزل کی سبسیڈی اور حادثاتی موت پر ماہی گیر کے خاندان کو دس لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کے ذریعہ ریاست کے تقریبا 1.35لاکھ ماہی گیروں کے خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔محکمہ سمکیات نے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے بجٹ میں 551کروڑ روپئے کی رقم الاٹ کی ہے ۔